قاہرہ ۔ گزشتہ روز مصر کے علاقے العریش میں مسجد پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مصری فوج نے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مصری حکومت نے العریش کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے وقت نمازیوں کے قتلِ عام میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف تیز رفتار کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے کئی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔مصری فوج کے ترجمان کرنل تامر الرفاعی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز العریش کے علاقے میں الروضہ مسجد پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی میں الحد کے مقام پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ البتہ اس خبر میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔کرنل تامر الرفاعی کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ابھی جاری ہیں جبکہ یہ آپریشن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نمازِ جمعہ کے دوران مصری صوبے سینا کے علاقے العریش میں دہشت گردوں نے مسجد میں داخل ہوکر خطبہ جمعہ کے دوران نمازیوں پر بم پھینکے اور فائرنگ بھی کی جس سے 235 نمازی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔ یہ دہشت گرد بڑی تعداد میں تھے جو 4 گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے تھے۔دنیا بھر میں اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت جاری ہے اور سیاسی قائدین سے لے کر مذہبی رہنماں تک نے اسے انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی کارروائی قرار دیا ہے۔