36

ہم زیادہ خطرناک جواب دیں گے، اسرائیلی وزیر اعظم کی دھمکی

یروشلم: اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ آگ سے کھیل رہی ہے اب ہم زیادہ خطرناک جواب دیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ اب ہم زیادہ خطرناک جواب دیں گے۔ حزب اللہ شمالی اسرائیل پر حملوں کو بڑھا کر آگ سے کھیلنے سے باز رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو سمجھتے ہیں کہ وہ ہماری افواج اور شہریوں کے خلاف حملوں کو بڑھا سکتے ہیں، وہ آگ سے کھیل رہے ہیں۔ اس آگ کا جواب حزب اللہ کو زیادہ شدید آگ سے ہی دیا جائے گا۔ ہم شمال اور جنوب میں سیکیورٹی بحال کریں گے اور حماس کو تباہ کر دیں گے۔

دوسری جانب امریکی وزیر دفاع نے اسرائیل کو دھمکیاں دینے اور ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی ہدایت کی جس کی وجہ سے حزب اللہ کے ساتھ بھی جنگ چھڑ جائے۔

امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کو اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کو دی گئی دھمکیوں پر تشویش ہے کیونکہ ایسی دھمکیوں سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔