32

یا اللہ، اب یہاں تیرے سوا کوئی نہیں بچا…۔ غزہ کی مسجد سے دل دہلا دینے والی پکار!

اسرائیل نے گزشتہ شب غزہ پر اب تک کا سب سے بدترین حملہ کیا، ایسے میں غزہ  کی مسجد کے اسپیکر سے گونجتی آواز نے درد دل رکھنے والوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

گزشتہ شب اسرائیل نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں غزہ میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اب غزہ کا دنیا بھر سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ اس اسرائیلی حملے کو اب تک کا بدترین حملہ قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ شب غزہ میں ایک طرف موت کا سناٹا رہا اور دوسری طرف اس عالم میں مسجد کے اسپیکر سے گونجتی کرب میں ڈوبی ہوئی آواز سے درد دل رکھنے والے دہل کر رہ گئے۔

مسجد کے اسپیکر سے اعلان کیا گیا کہ اے اللہ، اے اللہ یہاں کوئی نہیں بچا بس تُو ہے۔

 اسرائیلی فوج کے زمینی حملے کے بعد غزہ کی مسجد سے مسلمانوں کے نام پیغام دیا گیا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بھرپور طاقت استعمال کر رہا ہے لیکن ہم اللہ کی قدرت کو ان پر غالب سمجھتے ہیں۔

مسجد سے اعلان کیا گیاکہ یہاں مواصلاتی رابطے منقطع کیے جاچکے، غزہ کے مکین اہل اسلام کی دعاؤں کے طالب ہیں، ہماری اپیل ہے کہ مظلوموں کی فتح کیلئے خدا سے دعا کریں۔