199

ایران کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 66 افراد ہلاک

تہران: ایرانی دارالحکومت سے یسوج شہر جانے والا مسافر طیارہ صوبہ اصفہان کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔

 ایران کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 66 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ایرانی ہنگامی میڈیکل سروسز کے سربراہ پیر حسین نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ ایران کی ’آسمان ائیرلائن‘ کا مسافر طیارہ دارالحکومت تہران سے یسوج شہر جارہا تھا۔

جہاز پہلے ریڈار سے غائب ہوگیا اور اس کے لاپتہ ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اطلاعات موصول ہوئیں کہ طیارہ یسوج شہر سے 185 کلومیٹر پہلے مرکزی صوبے اصفہان کے شہر سمیرم میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار عملے سمیت تمام 66 افراد ہلاک ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کردی گئیں لیکن خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔