صنعا: نیوز اینکر عام طور پر ہر قسم کی صورت حال میں اپنے ہواس پر قابو پانے کا ہنر جانتے ہیں لیکن کبھی کبھار صورتحال اس قدر پیچیدہ ہوجاتی ہے کہ تجربے کار اینکر بھی جذبات پر قابو نہیں پاسکتا ایسا ہی ایک واقعہ یمن میں پیش آیا جہاں ایک اینکر کو بھائی کی ہلاکت کی خبر پڑھنی پڑھ گئی۔
عرب ویب سائیٹ العربیہ کے مطابق یمن میں ٹی وی نیوز اینکر محمد الضبیانی نے بُلیٹن کے دوران اپنے سگے بھائی کی ہلاکت کی خبر پڑھی۔ محمد الضبیانی کے بھائی ناصر الضبیانی کو مبینہ طور پر حوثی باغیوں نے صنعا کے پولیس ہیڈ کوارٹر میں قید کررکھا تھا۔ ناصر الضبیانی سمیت دیگر مغویوں کی ہلاکت کی خبر پڑھتے ہوئے محمد الضبیانی کی آواز غم کے سبب گُھٹی ہوئی تھی کیونکہ اس سے قبل 2015 میں بھی محمد الضبیانی کو اپنے ایک اور بھائی احمد الضبیانی کی ہلاکت کی خبر براہ راست پڑھنی پڑی تھی۔
یمن کے وزیراعظم ڈاکٹر احمد عبید بن دغر نے اس اندوہناک واقعے پر محمد الضبیانی اور ان کے خاندان کے نام تعزیتی پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا ہے۔