42

بھارت میں برفیلی جھیل پھٹنے سے 22 فوجیوں سمیت 120 افراد بہہ گئے؛ 14 لاشیں برآمد

نئی دہلی: بھارتی ریاست سکم میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں برفانی جھیل پھٹ گئی اور یخ بختہ سیلابی ریلا رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا اور 120 سے زائد افراد کو بہا لے گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست سکم کے علاقے موگوتھانگ میں اونچائی پر بنی برفانی جھیل مسلسل بارشوں کے باعث پھٹ گئی اور تیز رفتار سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

سیلابی ریلا ایک فوجی کیمپ میں داخل ہوگیا اور 22 اہلکاروں کو بہا لے گیا جب کہ فوجی تنصیبات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ مجموعی طور پر سکم کے 4 اضلاع متاثر ہوئے۔

 
 

سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 120 افراد میں سے 14 کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ دیگر کی تلاش کے کام میں موسم خرابی آڑے آ رہی ہے۔ 25 امدادی کیمپ بھی متاثرہ افراد کی دادرسی کے لیے کم پڑ رہے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں 14 پل تباہ ہوگئے اور کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔ تاخیر سے امدادی اہلکار اور سامان پہنچے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔