23

یو اے ای : ملازمین کو جلد از جلد بے روزگاری انشورنس کرانے کا حکم

متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو جلد از جلد  بے روزگاری انشورنس کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

اماراتی انسانی وسائل کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے تمام ملازمین بے روزگاری انشورنس کرائیں۔

 اماراتی حکام کے مطابق  یکم اکتوبر سے پہلے تمام ملازمین بے روزگاری انشورنس اسکیم میں رجسٹریشن کرائیں، اعلان کردہ مدت میں انشورنس نہ کرانے پر 400 درہم جرمانہ ہوگا۔

اماراتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ  آجروں کے بجائے بے روزگاری انشورنس رجسٹریشن ملازمین پر لازم ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بے روزگاری انشورنس اسکیم کا اعلان یکم جنوری 2023 کو کیا تھا جس کے تحت ملازمین نوکری ختم ہونے کی صورت میں تین ماہ کے نقد معاوضے کے حقدار ہوں گے۔