49

میکسیکو میں فریزر سے 13 لاشیں برآمد؛6 ملزمان گرفتار

میکسیکو سٹی: میکسیکو کی ریاست ویراکروز میں ایک گھر کے فریزر سے 13 لاشیں ملی ہیں جس پر پولیس نے 16 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کا پیچھا کیا کو ایک عمارت میں چھپا ہوا تھا۔ عمارت میں تین مغوی بھی تھے۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ گھر سے تین مغوی بھی ملے۔ مغویوں کو بھی فریزر میں لاشوں کے ہمراہ چھپایا گیا تھا۔ تینوں مغویوں کو نشہ آور چیز دیکر بے ہوش کیا گیا تھا۔

تلاشی لینے پر فریزر سے 13 لاشوں کی باقیات بھی ملیں۔ جنھیں فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے اس عمارت میں مزید لاشیں بھی چھپائی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے لگتا ہے کہ یہ ڈرگ ڈیلرز کی آپس کی چپقلش کا نتیجہ ہے۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دیگر 5 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت کے بعد ہی معمہ حل ہوسکے گا۔

یاد رہے کہ لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں منشیات فروشوں کے خلاف متنازع فوجی کارروائی 2006 سے جاری ہے جس میں اب تک 4 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔