179

ایران مشرق وسطیٰ کے تمام بحرانات کا ذمہ دار ہے ٗ جیمز میٹس 

واشنگٹن۔امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطی کو درپیش مسائل اور بحرانات کا سبب ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کو امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران مشرق وسطی کو درپیش مسائل اور بحرانات کا سبب ہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم مشرق وسطیٰ میں جہاں کہیں بھی مشکل دیکھتے ہیں اس کے پیچھے ایران نظر آتا ہی،خواہ وہ یمن ہو، بیروت ہو یا پھر شام ،آپ ہمیشہ ایران کو ہی دیکھیں گے۔

میٹس نے امریکی افواج کے شامی حکومت کی فورسز کیساتھ عسکری مقابلے کو خارج از امکان قرارد یا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شام میں امریکا کی موجودگی کا سبب "داعش" تنظیم کیخلاف لڑائی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرہ درپیش ہونے کی صورت میں خود کا دفاع کرنا ہمارا حق ہے۔ بہرکیف ہمارا آپشن یہ ہے کہ جنگ کو پھیلایا نہ جائے کیوں کہ یہ ہمارے مفاد میں نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ داعش تنظیم کیخلاف برسر جنگ عالمی اتحاد میں شریک 14 ممالک کے وزرا دفاع کا اجلاس منگل کے روز روم میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں ان ممالک کے مشترکہ عمل بالخصوص شام میں داعش تنظیم کے گرفتار شدگان جنگجوں کے انجام کو زیر بحث لایا جائے گا۔اتوار کے روز روم جاتے ہوئے طیارے میں میٹس کا کہنا تھا کہ "یقیناًیہ معرکہ ابھی اختتام کو نہیں پہنچا ہے۔