34

امریکا کے جنگلات میں آگ لگنے سے 53 افراد ہلاک

امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی سے تاریخی قصبہ لاہینہ جل کر راکھ ہوگیا، مختلف حادثات میں ہلاک ہونیوالے افراد کی تعداد 53 تک پہنچ گئی۔

امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی کے جنگلات میں کئی روز سے آگ لگی ہوئی ہے۔

ریاست ہوائی سے امریکی سینیٹر برائن شیٹز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ تاریخی قصبہ لاہینہ تقریباً مکمل جل چکا ہے، ابھی تک بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز تاحال آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

کاؤنٹی ماؤوی کے میئر رچرڈ بسن جونیئر کا کہنا ہے کہ کئی مکانات اور کاروباری ڈھانچے مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 12 ہزار نفوس پر مشتمل قصبے لاہینہ کے ایک رہائشی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ساحل پر کھڑی تمام کشتیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق آگ سے سینکڑوں عمارتیں مکمل جل گئیں، فائر فائٹرز کو تیز ہوا کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اطلاعات ملی تھیں کہ کئی افراد نے تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والے آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگائی تھی جس میں سے کئی افراد کو بچالیا گیا ہے۔