41

انڈیا میں ٹماٹروں کا ٹرک چھین کر فرار ہونے والے میاں بیوی گرفتار

انڈیا کی ریاست تمل ناڈو میں ٹماٹروں سے لدا ہوا ٹرک چھین کر فرار ہونے والے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں میاں بیوی نے جعلی ایکسیڈنٹ کا بہانا بنا کر ڈھائی ٹن وزنی ٹماٹروں سے لدا ہوا ٹرک چھینا تھا۔ پولیس کے مطابق ٹرک چھیننے والے اس جوڑے کا تعلق ویلور شہر سے ہے اور یہ ہائی وے پر ڈکیتی کرنے والے گینگ کا حصہ ہے۔

میاں بیوی اور ان کے گینگ نے آٹھ جولائی کو ضلع چترادُرگا سے آنے والے مالیش نامی ٹرک ڈرائیور کو چِکا جلا کے مقام پر روکا اور جعلی ایکسیڈنٹ کا الزام لگا کر اس سے ہرجانہ طلب کیا۔

جب ڈرائیور نے ہرجانہ دینے سے منع کیا تو انہوں نے ڈرائیور پر تشدد کرنا شروع کر دیا اور پھر ٹرک سے باہر نکال کر ڈھائی ٹن ٹماٹروں سے لدا ہوا ٹرک چھین کر فرار ہو گئے۔

ڈرائیور کی جانب سے شکایت درج کروائے جانے پر آر ایم سی یارڈ نے ٹرک کی لوکیشن ٹریس کر کے دونوں ڈکیت میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث ملزم کا نام بھاسکر ہے اور اس کی عمر 28 برس ہے جبکہ اس کی اہلیہ سندُھوجا کی عمر 26 برس ہے۔