211

سعودی عرب: کفیل کو گھریلو ملازمین کی تنخواہ پیشگی ادا کرنے کا حکم

ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکی گھریلوملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر کے پیش نظر سعودی حکام نے ملازمین کی تنخواہ پیشگی ادا کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب سعودی کفیل غیر ملکی گھریلو ملازمین کی تنخواہوں کو دبا نہیں سکیں گے کیوں حکام کی جانب سے ایسا سسٹم متعارف کروایا  گیا ہے جس کے تحت اب ملازمین تنخواہ با آسانی حاصل کر سکیں گے۔

سعودی وزارت محنت و سماجی ترقی کی جانب سے کفیلوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھریلو ملازمین کو ملک پہنچتے ہی پری پیڈ سیلری کارڈ جاری کریں، بینک سے پری پیڈ کی رجسٹریشن کے بعد مستند آن لائن پورٹل پر بھی رجسٹریشن کروانا ہوگی۔

کفیل پر یہ بھی لازم ہوگا کہ وہ الیکٹرانک ریکروٹمنٹ کنٹریکٹ بنانے کے بعد اس کنٹریکٹ کی کاپی پرنٹ کرنے سے پہلے ملازم کی تنخواہ کے بارے میں آگاہ کرکے اس کی رضامندی حاصل کرے۔

وزارت کے ترجمان خالد ابا الخیل کا کہنا تھا کہ پری پیڈ رول کارڈ کے اجراء سے ملازمین کی تنخواہیں براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوں گی جس کے زریعے تنخواہوں کی عدم ادائیگی یا تاخیر کا مسئلہ ہی ختم ہوجائے گا۔

اس ضمن میں ایک ہیلپ لائن نمبر 19911 بھی متعارف کراوائی گئی تاکہ معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں کفیل یا ملازم دونوں اپنی شکایت درج کرواسکیں۔

یاد رہے گزشتہ دنوں  سعودی حکام نے 12 مختلف شعبوں میں غیر ملکیوں کو ملازمت دینے پر پابندی عائد کی تھی۔