178

پُر امن مظاہرین پر بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 2کشمیر ی شہید 

شوپیاں۔بھارتی فوجیوں نے ہفتے کو ضلع شوپیاں میں پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 2 معصوم شہریوں کو شہید کردیا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی کی بھارتی فورسز کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ہفتے کو ضلع شوپیاں کے علاقے گنو پورہ میں پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 2 معصوم شہریوں کو شہید جب کہ متعدد کو زخمی کردیا۔ مظاہرین حال ہی میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں 3 نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کر رہے تھے، بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی تاہم شدید زخمی 2 نوجوانوں جاوید احمد بٹ اور سہیل احمد خان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ضلع شوپیاں میں پہلے ہی 3 نوجوانوں کی شہادت پر ہفتے کو چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال تھی، معصوم شہریوں کے قتل عام میں تیزی کے خلاف سید علی گیلانی ، میرواعظ عمرفاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے (اتوار ) کو مکمل ہڑتال کی کال دی تھی ۔قابض فوجیوں نے ککر ناک کے علاقے وٹنارڑ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کپواڑہ میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی24 ویں برسی پر قصبے میں مکمل ہڑتال ہے، بھارتی فوجیوں نے27جنوری 1994کوکپواڑہ قصبے میں27 بے گناہ کشمیریوں کو بلا جواز اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا، ہڑتال کے دوران دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔

ضلع پلوامہ کے قصبے ترال میں بھی شہید نوجوان عابد خان کی شہادت کی تیسری برسی میں مکمل ہڑتال رہی ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر میں بدامنی کی بنیادی وجہ بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے اور جب تک یہ ختم نہیں ہوتا یہاں کبھی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، انھوں نے دارالعلوم سوپور پر بھارتی فوجیوں کے چھاپے اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی۔