33

ترک اور روسی صدر اہم اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے

تہران: ترک صدر طیب اردوان اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچ گئے جس میں شام میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرن میں مشرق وسطیٰ بالخصوص شام میں قیام امن کے حوالے سے ساتویں سہ فریقی سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں شرکت کے لیے ترکی اور روس کے صدور تہران پہنچ چکے ہیں اور ایرانی ہم منصب سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ایران کے سعد آباد پیلس میں ترک صدر طیب اردوان کے لیے استقبالیہ تقریب رکھی گئی جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان نے وفد کے ہمراہ روبرو ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اسی طرح روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی اعلی سطح کے تعاون کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایران پہنچے اور اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔ تینوں ممالک کے سربراہان شام میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات میں حصہ لیں گے۔