35

پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے 10 لاکھ کلمہ گو کل جمعہ کو حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے

مکہ مکرمہ۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے 10 لاکھ سے زائد کلمہ گو کل  جمعہ کو  حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے ۔ عازمین حج بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب منٰی پہنچے جہاں سے کل  جمعہ کو  حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لئے میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں وہ ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔

وقوف عرفات کے بعد نماز مغرب پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے جہاں وہ ایک ساتھ مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ مزدلفہ سے شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں چنیں گے۔ رات کھلے آسمان تلے گزارنے کے بعد دسویں ذی الحج کو نماز فجر کی ادائیگی اور طلوع آفتاب کے فورا بعد منی روانہ ہوں گے۔

جہاں کچھ دیر آرام کرنے کے بعد جمرات جائیں گے اور بڑے شیطان کو کنکر ماریں گے۔ کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کرکے بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ اسی طرح11اور 12 ذوالحج کو بڑے، درمیانے اور چھوٹے شیطان کو کنکریاں مارنا بھی مناسک کا حصہ ہے۔