325

بینظیرکا منفرد اعزاز 28سال بعد برابر ہونے کا امکان

ویلکنٹن۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کا ایک منفرد اعزاز لگ بھگ 28 برس بعد برابر ہونے جا رہا ہے، اور ان کا یہ منفرد اعزاز نیوزی لینڈ کی خاتون وزیر اعظم برابر کرنے جا رہی ہیں۔مسلم دنیا اور پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ انہوں نے 28 برس قبل 1990 میں دوران وزارت عظمی ایک بچے کو جنم دیا تھا۔ان کا یہ اعزاز آج تک کوئی خاتون وزیر اعظم برابر نہیں کر سکیں تھیں، تاہم اب یہ اعزاز نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈن برابر کرنے جا رہی ہیں۔

نیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم بننے والی جیسنڈا ایرڈرن نے 2 دن قبل اپنے انسٹاگرام پر اس بات کا اعلان کیا کہ وہ امید سے ہیں۔37 سالہ جیسنڈا ایرڈرن نے اعلان کیا کہ رواں برس جون میں ان کا خاندان 2 افراد سے بڑھ کر 3 افراد پر مشتمل ہوجائے گا، اور وہ ایک وزیر اعظم کی حیثیت سے والدہ بنیں گی۔ساتھ ہی جیسنڈا ایرڈرن نے کہا کہ انہیں اندازا ہے کہ انہیں اس اعلان کے بعد کئی سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا، اور وہ ان تمام سوالات کے جوابات دینے کے لیے تیار ہیں۔

نیوزی لینڈ کے نشریاتی ادارے نیوز ہب ڈاٹ کو ڈاٹ این زیڈ نے بتایا کہ جیسنڈا ایرڈرن نے اپنے امید سے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں امید سے ہونے کی خبر 13 اکتوبر 2017 کو ہوئی، تاہم انہوں نے اس وقت اس خبر کو راز میں رکھا۔ان کے مطابق انہوں نے اپنے امید سے ہونے کی خبر نائب وزیر اعظم ونسٹن پیٹرس کے ساتھ شیئر کی، جس کے بعد ہی انہوں نے عوامی سطح پر اس کا اعلان کیا۔

جیسنڈا ایرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ ڈیلیوری کے وقت 6 ہفتوں کی چھٹی لیں گی، اس دوران نائب وزیراعظم ان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ جیسنڈا ایرڈرن نے نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیراعظم کا عہدہ 19 اکتوبر 2017 کو سنبھالا۔وہ نیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم ہیں، جب کہ وہ اس وقت حکومت کی سربراہی کرنے والی دنیا کی واحد نوجوان ترین خاتون بھی ہیں۔

نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق جیسنڈا ایرڈرن کو یہ بچہ اپنے پارٹنرٹیلی وژن پروڈیوسر کلارک گفورڈ سے ہوگا، جو بچے کی پیدائش کے بعد مستقل طور پر وزیراعظم ہاس میں رہائش اختیار کریں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے 1990 میں اپنی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کو وزارت عظمی کے عہدے کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جنم دیا تھا۔بے نظیر بھٹو کو تین بچے ہیں، جن میں سب سے بڑا ان کا بیٹا بلاول بھٹو زرداری ہے۔

جو 1988 میں پیدا ہوئے، بختاور بھٹو کی 1990 میں پیدائش کے 3 سال بعد 1993 میں ان کے ہاں ایک اور بچی آصفہ بھٹو پیدا ہوئیں۔بے نظیر بھٹو نے دسمبر 1987 میں آصف علی زرداری سے شادی کی، جب کہ انہیں دسمبر 2007 کو صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔