36

پلوامہ واقعے کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر

نئی دہلی۔پلوامہ واقعے پر بھارتی سی پی آر ایف کی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ انٹیلی جنس کی ناکامی کی وجہ سے ہوا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 14فروری کو ہوئے پلوامہ واقعے پربھارتی سی پی آر ایف کی انٹرنل انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد غلطیاں پلوامہ واقعے کاسبب بنیں، پلوامہ واقعہ انٹیلی جنس کی بڑی ناکامی کی وجہ سے ہوا تھا۔

رپورٹ کے مطابق حملے سے متعلق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کوئی ان پٹ شیئر نہیں کیا،پلوامہ واقعے میں نشانہ بننے والا فوجی قافلہ غیرمعمولی طور پر بڑا تھا، قافلے میں 78 گاڑیاں، 2ہزار 547 عارضی اہلکار شامل تھے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طویل قافلہ میں انفارمیشن لیک اورشناخت کئے جانے کے مواقع زیادہ تھے۔

فوجی قافلے کیساتھ سڑک پر سویلین گاڑیوں کو سفر کی اجازت بھی ہلاکت خیز رہی۔واضح رہے کہ 14فروری کو ہوئے پلوامہ حملے میں 40بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جبکہ بھارتی وزارتِ داخلہ نے پلوامہ حملے میں انٹیلی جنس ناکامی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔