492

ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی و جسمانی طور پر فٹ، میڈیکل رپورٹ جاری

واشنگٹن: ڈاکٹروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی میڈیکل رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق وہ ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل فٹ ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرکاری ڈاکٹر ریئر ایڈمرل رونا جیکسن نے ٹرمپ کی صحت سے متعلق رپورٹ جاری کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو واشنگٹن ڈی سی میں واقع والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹر رونا جیکسن کی سربراہی میں 12 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے صدر ٹرمپ کا طبی معائنہ کیا تھا، جو چار گھنٹے تک جاری رہا۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں، ان کا وزن 239 پاؤنڈ ہے، وہ شراب بالکل نہیں پیتے تاہم انہیں فاسٹ فوڈ کھانے کا شوق ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ جسمانی مشقیں بالکل نہیں کرتے، تاہم اس کے باوجود وہ جسمانی طور پر صحت مند ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی فرائض انجام دینے کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں اور امید ہے کہ دوران صدارت وہ مکمل صحت مند ہی رہیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دل کو صحت مند قرار دیتے ہوئے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ان کے کولیسٹرول کی سطح تھوڑی زیادہ ہے اور انہیں 10 سے 15 پاؤنڈز وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹرز کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ذہنی طور پر بھی فٹ ہیں، انہیں سوچنے اور سمجھنے میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہے جبکہ ذہنی صحت کے حوالے سے کیے گئے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ 12 جنوری کو ان قیاس آرائیوں کے خاتمے کے لیے اپنا پہلا طبی معائنہ کروایا تھا کہ وہ ذہنی یا جسمانی طور پر صدارت کے لیے موزوں اور اہل نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس 6 دسمبر کو مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اپنے خطاب میں ٹرمپ الفاظ کی درست ادائیگی نہیں کرسکے تھے اور تقریرکے اختتام پر انہوں نے یونائٹڈ اسٹیٹس کو ’یونائٹڈاشٹیٹس‘ کہہ دیا تھا۔

الفاظ کی نامناسب ادائیگی پر ٹرمپ کے ڈیمینشیا یا الزائمر میں مبتلا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اگلے برس طبی معائنہ کرائیں گے اور ثابت کریں گے کہ وہ صحت مند ہیں۔

دوسری جانب حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر لکھی جانے والی مائیکل وولف کی کتاب 'فائر اینڈ فیوری، اِن سائڈ دی ٹرمپ وائٹ ہاؤس' میں انکشاف کیا گیا کہ ٹرمپ کے ارد گرد موجود تمام لوگ یہ جانتے ہیں کہ وہ ایک 'احمق' شخص ہیں اور صدارت کے لیے بالکل بھی موزوں نہیں۔

اس کتاب میں ٹرمپ کی شخصیت کے پرخچے اڑا دیئے گئے، جس کے مطابق ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی حالت عام انسانوں والی نہیں، وہ احمق ہیں اور کبھی بھی کچھ بھی کر جاتے ہیں۔

مصنف نے کتاب میں دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے، ان کے معاونین اور دیگر تمام افراد اس بات پر متفق ہیں کہ صدر ٹرمپ صدارت کے لیے ناموزوں ہیں اور یہ بھی کہ ٹرمپ کے رشتے دار، دوست اور سرکاری عہدیدار کس طرح صدر ٹرمپ سے اپنی مرضی کے مطابق کام لینے کی کوشش کرتے ہیں۔

تاہم صدر ٹرمپ نے کتاب میں لگائے گئے الزامات اور انکشافات کو یکسر مسترد کردیا تھا۔