66

سعودیہ میں حجاج کرام کیلئے خصوصی ہدایات جاری

ریاض۔سعودی عرب نے حج بیت اللہ کے لیے آنے والے مہمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے موقع پر اپنی توجہ مقدس مقامات کی روحانیت کی برکات سمیٹنے، شعائر حج کی ادائی اورفریضہ حج کی تعلیمات پرعمل پیرا ہونے پر مرکوز رکھیں اورہرقسم کے مذہبی اور سیاسی نعرہ بازی کی الائشوں سے خود کو دور رکھیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کا سیاسی، مسلکی اور فرقہ وارانہ نعروں میں ملوث ہونا مناسب نہیں۔

اس طرح کے تصرفات کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہوں گے۔ اگر کسی شخص یا گروپ کی طرف سے حج کے موقع پر سیاسی نعرے بازی اور فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کابینہ اجلاس کے بعد جاری  بیان وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ شبانہ نے پڑھ کر سنایا۔

اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اسلام کے پانچویں رْکن یعنی حج کی ادائی کے لیے آنیوالے فرزندان توحید کا خیر مقدم کیا اور ان کے فریضہ حج اور مناسک حج کی ادائی کی توفیق اور عبادت کی قبولیت کی بھی دعا کی۔