168

آلودگی نے سری لنکا و بھارت کے تعلقات آلودہ کردیے

کولمبو / نئی دہلی:  آلودگی نے سری لنکا اور بھارت کے تعلقات آلودہ کردیے خراب فضا میں میچ کھلانے پر آئی لینڈرز نے آئی سی سی سے میزبان کی شکایت لگا دی۔

مینجمنٹ نے بھارتی حلقوں کا اسموگ کے نام پربہانے بازی کاالزام مسترد کر دیا؛ فوٹوفائل

وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا کا کہنا ہے کہ کونسل نے ہمیں ضروری کارروائی کی یقین دہانی کرا دی، ہم نہیں جانتے یہ ایکشن کس قسم کا ہوگا، دوسری جانب سری لنکن ٹیم مینجمنٹ نے بھارتی حلقوں کی جانب سے اسموگ کے نام پر بہانے بازی کا الزام مسترد کردیا۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان فیروڑ شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم دہلی پر کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہوچکا،البتہ اس دوران شہر میں اسموگ کی وجہ سے مہمان کھلاڑیوں کی حالت غیر ہونے کا معاملہ بدستور موجود ہے، وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے بتایا کہ ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے دہلی کی آلودہ فضا میں میچ کے حوالے سے شکایت کی ہے، جس پر کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے ہمیں مناسب قدم اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے،البتہ ہم نہیں جانتے کہ اس معاملے میں آئی سی سی کی جانب سے کیا اقدام کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے کچھ کھلاڑیوں، حلقوں اور میڈیا کی جانب سے ایسا تاثر دیا جارہا ہے جیسے سری لنکن ٹیم نے صورتحال کی بڑھا چڑھا کر عکاسی کی اور اس سلسلے میں بہانے بازی کی گئی۔ اس حوالے سے دہلی کے ڈاکٹر کی رپورٹ کو بھی پیش کیا جا رہا ہے جنھوں نے تین کھلاڑیوں کا آکسیجن ٹیسٹ لے کر ان کو نارمل قرار دیا تھا۔ اس حوالے سے سری لنکا کے کوچ نک پوتھاس نے کہاکہ صرف ہمارے ہی کھلاڑیوں کی حالت خراب نہیں ہوئی بلکہ خود بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی بھی فیلڈ میں الٹی کرتے ہوئے دکھائی دیے، ہم اپنی جانب سے کچھ بھی نہیں کہہ رہے، پلیئرزکی طبیعت اسی آلودگی کی وجہ سے خراب ہوئی ہے۔