رمضان میں افطار کے دوران بہت سے افراد سموسے پکوڑوں جیسی ڈشز کھانا پسند کرتے ہیں، جبکہ کئی لوگ افطار کے ساتھ ہی رات کا کھانا کھانے کو فوقیت دیتے ہیں۔
ویسے تو عام دنوں لوگ وہی عام ڈشز رات کے کھانے میں بنا کر گھر والوں کے سامنے پیش کرتے رہتے ہیں لیکن اگر رمضان میں افطار کے وقت کھانا کھانا چاہ رہے ہیں تو پھر اس موقع پر کچھ دلچسپ بنائیں۔
یہ ڈش پاکستان میں بےحد شوق سے بنائی اور کھائی جاتی ہے، جبکہ لوگ اسے کئی تقاریب اور شادیوں میں بھی اپنے پکوانوں کی فہرست میں شامل کرتے ہیں۔
سنگاپورین رائس بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی بھی پسندیدہ ڈش ہوتی ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ اس کو تیار کرنا مشکل ہے اور یہ گھر پر اتنی اچھی نہیں بن سکتی جتنی اچھی بازار میں ملتی ہے۔
لیکن ایسا بالکل نہیں ہے، یہاں سنگاپورین رائس بنانے کی نہایت آسان ترکیب بیان کی جارہی ہے، رمضان میں افطار کے لیے اس ترکیب کو گھر والوں کا دل جیتنے کے لیے ضرور اپنائیں۔
اس لذیذ ڈش کی مزیدار ترکیب یہاں پڑھیں:
چکن گریوی کے اجزاء:
چکن ½ کلو بون لیس بوٹیوں میں کاٹ لیں
سویا ساس کھانے کا ایک چمچ
سرکا ایک کھانے کا چمچ
تیل دو کھانے کے چمچ
نمک ½ چائے کا چمچ
لال مرچ ½ چائے کا چمچ
ادرک لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ
کالی مرچ ½ چائے کا چمچ
چلی ساس ایک چائے کا چمچ
کیچپ ½ کپ
پانی دو سے تین کھانے کے چمچ
فرائڈ سبزی اور نوڈلز کے اجزاء:
ابلے ہوئے نوڈلز 200 گرام
تیل ایک کھانے کا چمچ
ادرک لمبا کٹا ہوا ایک کھانے کا چمچ
شملہ مرچ لمبی کٹی ہوئی ½ کپ
ہری پیاز کا سفید حصہ کٹا ہوا ¼ کپ
ہری پیاز کا ہرا حصہ کٹا ہوا ¼ کپ
بند گوبھی لمبی کٹی ہوئی ایک کپ
گاجر لمبا کٹا ہوا ½ کپ
نمک حسب ذائقہ
کالی مرچ حسب ذائقہ
لال مرچ پاؤڈر ½ چائے کا چمچ
تل کا تیل ¼ چائے کا چمچ
سویا ساس دو کھانے کے چمچ
مایو ساس بنانے کے اجزاء:
مایونیز ½ کپ
کیچپ 1/3 کپ
چلی ساس ایک چائے کا چمچ
نمک ایک چٹکی
کالی مرچی ایک چٹکی
چاول:
چاول ½ کلو
نمک ایک چائے کا چمچ
تیل ایک چائے کا چمچ
ترکیب:
چکن گریوی: تیل گرم کرکے چکن شامل کریں، اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈالیں، رنگ تبدیل ہونے تک فرائی کریں، سویا ساس، سرکا، نمک، لال مرچ، کالی مرچ شامل کریں اور اچھی طرح ملائیں، بعدازاں چلی ساس، کیچپ اور تھوڑا سا پانی شامل کرکے تین سے چار منٹ تک پکائیں، تیار ہونے کے بعد اسے ایک پیالے میں نکال لیں۔
فرائڈ سبزی اور نوڈلز: اس ہی پتیلی میں تھوڑا سا تیل ڈالیں اور ساری سبزیاں شامل کرلیں، صرف ہری پیاز کے ہرے حصے کو چھوڑ دیں، سویا ساس، نمک، کالی مرچ، لال مرچ شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک فرائی کریں، ابلے ہوئے نوڈلز شامل کریں اور ملائیں، تیل، ہری پیاز کا ہرا حصہ شامل کریں اور دوبارہ ملائیں، تیار ہونے ہر الگ رکھ لیں۔
مایو ساس: ایک پیالے میں مایونیز، کیچپ، چلی ساس، نمک اور کالی مرچ شامل کریں، اچھی طرح ملائیں، مایو ساس تیار ہونے پر چاہیں تو اسے کسی بوتل میں رکھ لیں۔
چاول دو کپ نمک کے ساتھ پکا کر علیحدہ رکھ لیں، اور لہسن اور ہری مرچ کا کاٹ کر الگ سے فرائی کرلیں۔
سجاوٹ: ایک ڈش میں چاول کی تہہ لگائیں، دوسری تہہ فرائی سبزیوں اور نوڈلز کی لگادیں، جس کے بعد سب سے اوپر چکن کی تہہ لگائیں۔
آخر میں مایو ساس اوپر سے ڈالیں اور فرائی کی ہوئی ہری مرچ اور لہسن شامل کرکے گھر والوں کے سامنے پیش کریں۔