لاس اینجلس: ہوم اپلائنسز کی ایک فرم نے ایسی مشین متعارف کرادی ہے جس میں آپ کپڑے رکھ دیں تو کسی پرنٹر کی طرح وہ انہیں فولڈ کرکے آپ کو واپس کرے گی۔
دنیا کا معروف ترین کنزیومر الیکٹرونکس شو امریکا کے شہر لاس اینجلس میں ختم ہوگیا مگر اب تک اس کی گونج باقی ہے اور مغربی میڈیا چن چن کر اس میں متعارف کرائی گئی انوکھی اشیا کو ایک کے بعد ایک خبر کے ذریعے پیش کررہا ہے۔
ڈیلی مررکے مطابق اس شو میں ایک انوکھی مشین یا روبوٹ ’فولڈی میٹ‘ کو متعارف کرایا گیا ہے جو آپ کو کپڑے تہہ کرنے کی زحمت سے دور رکھے گا۔
فولڈی میٹ نامی یہ مشین تین فٹ اونچی ہے جسے کئی برس قبل بنایا گیا تھا تاہم اس کا اپ گریڈ ورژن اب پیش کیا گیا ہے اور اس کی قیمت 720 پاؤنڈ رکھی گئی ہے ۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مشین ایک قمیص یا پینٹ کو تہہ کرنے میں دس سیکنڈ صرف کرتی ہے اس میں بیک وقت 15 تا 20 کپڑے رکھے جاسکتے ہیں جو یکے بعد دیگرے تہہ ہوکر آپ کو ملتے رہیں گے تاہم بڑے سائز کے کپڑے یا بہت چھوٹے کپڑے یہ مشین فولڈ نہیں کرسکے گی۔