اسلام آباد۔ پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ بشری انصاری نے کہا ہے کہ پاک بھارت سرحد کے دونوں جانب کی عوام ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ کسی بھی طور پر جنگ کے حق میں نہیں ہیں، محبت سب کو اچھی لگتی ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔
ہم سب جنگ سے تنگ آگئے ہیں اور یہ صورتحال خطے کے لیے بھی بہتر نہیں ہے۔ اگر جنگ ہوئی تو سرحد کے دونوں جانب ہی بھاری نقصان ہو گا۔اپنے وائرل ہونے والے گانے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نظم میری بڑی بہن نیلم احمد بشیر نے لکھی اور یہ خوبصورت نظم مجھے موجوہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر پرفارم کرنے کا خیال آیا۔ جسے میں نے اپنی چھوٹی بہن اسما عباس کے ساتھ مل کر ایک ہی دن میں پرفارم کیا۔بشری انصاری نے کہا کہ پاکستان میں تو ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہے ہی لیکن بھارت کے لوگوں کی جانب سے بھی میرے گانے پر بہت اچھا رسپانس آ رہا ہے اور پڑوسی ملک کی عوام سوشل میڈیا پر مجھے محبت بھرے پیغامات بھیج رہی ہے۔
میرے گانے کو نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک میں بھی بے حد سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی عوام میں تو دوستی ہمیشہ سے ہی رہی ہے، تاہم سیاسی مسائل اور جھگڑوں کی وجوہات مختلف ہیں۔ بیرون ملک پاک بھارت کے لوگ ایک دوسرے سے نہ صرف محبت کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے مسائل حل کرنے کے علاوہ مل جل کر بھی رہتے ہیں۔بشری انصاری نے کہا کہ دونوں ممالک کی اپنی اپنی تاریخ اور اپنا اپنا کردار ہے۔ اچھے برے لوگ ہر جگہ پر موجود ہوتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے کی جانے والی جارحیت سے متعلق سب جانتے ہیں کہ یہ صورتحال بھارتی انتخابات کی وجہ سے پیدا ہو گئی ہے۔