112

کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق

کراچی: ڈیفنس فیز 6 اسڑیٹ 26 پر ویگو گاڑی میں سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 خیابان بخاری اسٹریٹ 26 غیر ملکی ( اسپین ) قونصلیٹ کے سامنے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً 3 بجکر 20 منٹ پر سفید رنگ کی ڈبل کیبن ویگو گاڑی نمبر KV-0857 میں سوار افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ ملزمان گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر سی ویو پولیس چوکی کا انچارج عبد الرحمٰن پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو چھیپا ایمبولینسوں کی مدد سے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی ہونے والا ایک اور شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کی مطابق موقع پر جاں بحق ہونے والے کی شناخت پولیس اہلکار 35 سالہ خالد ولد محمود کے نام سے ہوئی ہے جو درخشاں تھانے میں تعینات تھا، جاں بحق ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت28 سالہ رمضان ولد اللہ دتا کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والا 30 سالہ سعید احمد ولد اللہ بچایو ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی کلفٹن سہائے عزیز اور تفتیشی افسران سمیت فارنزک کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر نائن ایم ایم پستول کے 4 خول اور 4 کارآمد گولیاں برآمد کر لیں جبکہ ملزمان کی ویگو گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔

ملزمان گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے، جاں بحق ہونے والا ایک پولیس اہلکار اور دوسرا بنگلے کا ملازم تھا، مقتول پولیس اہلکار درخشاں تھانے میں تعینات تھا۔