102

جسم سے خون کا لوتھڑا نکالنے کا کامیاب تجربہ

 دنیا بھر میں لاکھوں مریض ایسے ہیں جن کی ٹانگوں کے نچلے حصے کی گہرائی میں موجود رگوں میں خون کے سخت لوتھڑے بن جاتے ہیں اس ضمن میں ماہرین نے ایک ٹوکری نما آلے سے اس لوتھڑے کو نکال باہر کرنے کا انتہائی کامیاب تجربہ کیا ہے۔

55 سالہ خاتون جیکی فیلڈ ایک عرصے سے اپنی ٹانگ کے نچلے حصے کی رگ میں خون کے لوتھڑے بننے سے پریشان تھیں لیکن رگ پنڈلی کے گوشت کی گہرائی کے اندر تھی۔ آپریشن کے لیے ماہرین نے سینٹ تھامس ہسپتال میں خاتون کی شریان میں اینجیو پلاسٹی جیسا ایک تار داخل کیا جس میں جالی کی ایک چھوٹی باسکٹ بنی ہوئی تھی جس نے برمے (ڈرل) کی طرح دائروں میں گھوم کر لوتھڑے کو جذب کرلیا۔

 

اس تجربے کے کامیابی کے بعد ایسے لاکھوں مریضوں کے علاج کی راہ کھلی ہے جو ’تھرمبوسِس‘ یا خون کے لوتھڑے بننے سے سخت تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اس میں ٹانگیں سوجن کی شکار ہوتی ہیں اور شدید تکلیف ہوتی ہے۔ مریض چلنے پھرنے سے معذور ہوجاتا ہے اور بسا اوقات اندر شدید زخم بھی بن جاتا ہے۔ بسا اوقات یہ کیفیت سانس لینے کے عمل کو بھی شدید متاثر کرتی ہے۔

یہ آلہ ایک کمپنی ویٹیکس میڈیکل نے تیار کیا ہے۔ یہ تار کے ذریعے خون کے لوتھڑے کے مقام پر جاتا ہے اور ٹوکری لوتھڑے سے قبل دونوں دیواروں تک پھیل جاتی ہے اور ایک خاص انداز سے لوتھڑے کو کھینچ کر اپنے اندر جمع کرلیتی ہے۔ یہ طریقہ رگوں کی دیواروں سے چپکے ہوئے خوف ناک لوتھڑوں کو بھی نکال باہر کرتا ہے اور اس کےلیے کسی خاص دوا کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔