74

سافٹ ڈرنکس کا بے تحاشا استعمال، ناگہانی موت کا پیغام، تحقیق

ہارورڈ: ہر روز ایک سے زائد سافٹ ڈرنکس پینے والے افراد ہوجائیں خبردار کہ یہ عادت ان کے لیے وقت سے پہلے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

جرنل سرکولیشن میں 18 مارچ کو ایک رپورٹ شائع ہوئی جس کے مطابق ماہرین نے 30 سال تک 80 ہزار سے زائد مردوں اور 37 ہزار خواتین کا جائزہ لیا۔ اس میں ہر چار سال بعد ماہرین نے لوگوں سے ان کی غذائی عادات اور دیگر تفصیلات پر سوال نامے بھروائے۔ ان میں ایک سوال سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور فوری توانائی پہنچانے والی اسپورٹس ڈرنکس کے بارے میں بھی تھا۔

اس سروے سے معلوم ہوا کہ جن خواتین اور حضرات نے اس عرصے میں دو سے 6 سافٹ ڈرنکس فی ہفتہ پی تھیں ان میں ایک ماہ میں ایک سافٹ ڈرنک پینے والوں کے مقابلے میں قبل ازوقت موت کا خطرہ 6 فیصد تک زیادہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب روزانہ ایک یا دو سافٹ ڈرنک پینے والوں میں یہ خطرہ 14 فیصد تک زیادہ دیکھا گیا۔ ماہرین نے اس سروے میں تمباکو نوشی، شراب نوشی، موٹاپے اور ورزش نہ کرنے جیسے عوامل کو بھی شامل کیا ہے۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور ہارورڈ یونیورسٹی کی سائنس داں وسانتی ملِک نے کہا کہ ان کا مشورہ ہے کہ لوگ فوری طور پر سافٹ ڈرنکس کا استعمال ترک کرکے اسے پانی سے تبدیل کردیں تاکہ ان کی زندگی بہتر اور طویل ہوسکے۔ ان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف امریکی نوجوانوں بلکہ ترقی پذیر ممالک میں بھی سافٹ ڈرنک کے استعمال کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

قبل ازیں ماہرین بتاچکے ہیں کہ سافٹ ڈرنک کا استعمال ذیابیطس، دل کے امراض اور فالج کی وجہ بن سکتا ہے اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ سافٹ ڈرنکس کا بے تحاشا استعمال آپ کی حیاتِ عزیز کے کئی ماہ و سال بھی کم کرسکتا ہے۔