85

فیس بک سربراہ کا پرائیویسی برقرار رکھنے کیلیے بڑا اعلان

کیلی فورنیا: فیس بک کے سربراہ مائیک زکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ میسیجنگ سروس کو قابل بھروسہ، محفوظ اور پرائیوسی کے مروجہ اصولوں کو برقرار رکھنے کے انقلابی اقدام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک کے مالک زکر برگ نے اپنے حالیہ بلاگ میں انکشاف کیا ہے کہ میسیجنگ سروس کو ایسے ڈھنگ میں ڈھالا جا رہا ہے جہاں صارفین کو نجی گفتگو کے دوران پرائیوسی کا پختہ یقین ہوگا اور وہ جانتے ہوں گے کہ ان کے پیغامات نا صرف محفوظ  ہیں بلکہ ایک خاص مدت بعد پیغامات خود بخود ڈیلیٹ ہوجائیں گے۔

مائیک زکر برگ نے مزید کہا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی میسیجنگ سروس کو خود سروس فراہم کرنے والے والا یا کوئی تیسرا فریق نہیں پڑھ سکے گا۔ اور صارفین اپنے پیغامات کو ایک خود کار نظام کے تحت اپنی مرضی کے وقت پر ڈیلیٹ کرواسکیں گے۔

فیس بک کے مالک اس حوالے سے جو اقدامات اُٹھا رہے ہیں اُن میں چیٹس کا محفوظ ہونا، کسی تیسرے فریق کا چیٹس نہ پڑھ پانا، پیغامات خاص مدت بعد خود بخود حذف ہوجانا اور ڈیٹا کی حفاظت شامل ہے۔ فیس بک یہ اقدامات حالیہ تنقید کے بعد اُٹھا رہا ہے جس میں صارفین کا ڈیٹا اور چیٹس لیک ہونے پر احتجاج کیا گیا تھا۔