154

گوگل میپ میں ’آے آر نیوی گیشن فیچر‘ پیش کرنے کی تیاری

سان فرانسسكو: گوگل نے اپنے نقشے اور اسے وابستہ معلومات سے دنیا کو فائدہ پہنچایا ہے اور اب گوگل نے آگمینٹڈ ریئلٹی (اے آر) کو گوگل مپیس کا لازمی حصہ بنانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت آپ کسی بھی مقام پر عمارت، سڑک یا کسی تعمیرات کی تفصیل معلوم کرسکیں گے۔

اس ضمن میں گوگل نے ایک ویڈیو بھی ریلیز کردی ہے۔ جیسے ہی آپ کیمرہ آن کرکے کسی سڑک کی جانب اس کا رخ کریں گے تو گوگل میپ پر ٹیگ کردہ سڑکیں اور دیگر تفصیلات نمودار ہوجائیں گی اور یوں آپ پورے منظر سے واقفیت حاصل کرسکیں گے۔ اس طرح کسی بھی جگہ جاکر وہاں اس مقام کی تفصیلات کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور بس فون ایپ کھولیے اور سارے علاقے سے خود واقف ہوجائیں۔

اگر آپ غلط رخ پر جارہے ہوں گے تو تیر کا رخ اس کی نشاندہی کرکے آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔ تاہم گوگل نے اس کا باضابطہ اعلان بھی نہیں کیا ہے۔  بعض افراد کو یہ فیچر ٹیسٹ کرنے کے لیے دیا گیا ہے اور اسی بنا پر وال اسٹریٹ جرنل نے اس کی اطلاع دی ہے۔ تاہم دیگر ڈویلپر اور کوڈر بھی اسے استعمال کررہے ہیں۔

فیچر کے آن ہونے پر اگر آپ کیمرہ سامنے رکھیں گے تو اس کے فیچر آن ہوجائیں گے جبکہ فون کا رخ زمین کی جانب کرنے پر صرف کیمرا ہی ایکٹو ہوتا ہے۔ اے آر کی صورت میں اب منزل تلاش کرنا اور بھی آسان ہوجائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسے آئی او ایس اور اینڈروئڈ دونوں کے لیے ہی استعمال کیا جائے گا۔