بالی ووڈ کے کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان صرف بڑے پردے پر ہی نہیں بلکہ حقیقی زندگی میں کسی ہیرو سے کم نہیں اور وہ بچوں اور خواتین کے حقوق کے حقوق کے حوالے سے کافی سرگرم رہتے ہیں۔
شاہ رخ خان کی ان ہی خدمات کے اعتراف میں انہیں رواں ماہ سالانہ ’’کرسٹل ایوارڈ‘‘ سے نوازا جائے گا۔
عالمی اقتصادی فورم کا 48 واں سالانہ اجلاس رواں ماہ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہوگا اور اس موقع پر 24 ویں سالانہ کرسٹل ایوارڈ کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
کرسٹل ایوارڈ ہر سال ان فنکاروں کو دیا جاتا ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لیے نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔
اس سال جن فنکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ بلینشیٹ، برطانوی موسیقار ایلٹن جان اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان شامل ہیں۔
شاہ رخ خان کو بھارت میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعتراف میں اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
شاہ رخ خان غیر منافع بخش تنظیم ’’میر فاؤنڈیشن‘‘ کے بانی ہیں جو تیزاب گردی کی شکار اور جھلس جانے والی خواتین کو علاج کی سہولتیں، قانونی معاونت، ووکیشنل ٹریننگ، بحالی نو اور زندگی گزارنے کے لیے ضروری اشیاء فراہم کرتی ہے۔
شاہ رخ خان اسپتالوں میں خصوصی چلڈرنز وارڈ کے قیام اور چائلڈ کیئر سینٹرز کی جانب سے علاج کے لیے بچوں کو بیرون ملک بھیجنے میں بھی معاونت کرتے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان نے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا ہے۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ وہ جرأت مند اور خوبصورت خواتین کے ساتھ جو کام کرتے ہیں اسے اپنے لیے باعث فخر سمجھتے ہیں کیوں کہ یہ کام انہیں ان کی زندگی کا مقصد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی ان خواتین کے بارے میں آگاہی حاصل کریں اور اس نیک کام کو آگے بڑھائیں۔
اس کے علاوہ ہالی ووڈ اداکارہ کیٹ بلینشیٹ کو دنیا میں سر اٹھانے والے مہاجرین کے بحران کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے پر اس ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔
کیٹ بلینشیٹ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر بھی ہیں۔
برطانوی موسیقار ایلٹن جان کو ایچ آئی وی اور ایڈز کے خلاف جنگ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں کرسٹل ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔
ایوارڈز دینے کی تقریب پیر 22 جنوری 2018 کو ڈیووس میں منعقعد ہوگی۔