فلوریڈا: پوری دنیا میں پیٹ بھرے لوگ موٹاپے اور دیگر امراض سے بچنے کے لیے غیر صحت بخش کھانوں مثلاً فاسٹ فوڈ، مٹھائیوں اور بیکری کی مصنوعات سے دور رہنے کے لیے لاکھ جتن کرتے ہیں لیکن نہ چاہتے ہوئے بھی وہ اسے کھا ہی لیتے ہیں لیکن اب ماہرین نے دل للچانے والے لیکن صحت کے لیے نامناسب کھانوں سے دور رہنے کا ایک سادہ نسخہ تلاش کرلیا ہے۔
ٹیمپا میں واقع یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا کے شعبہ مارکیٹنگ نے اس ضمن میں ایک دلچسپ تجربہ کیا ہے۔ انہوں نے دریافت کیا ہے کہ غذائی صنعت کے ماہرین اپنے کھانوں میں خاص بو کا استعمال کرتے ہیں جسے اروما کہا جاتا ہے اور یہ اروما فوری طور پر آپ کو وہ شے کھانے پر مجبور کرتا ہے۔
اسی طرح مارکیٹنگ میں بھی خوشبوؤں کو استعمال کیا جاتا ہے اس کی ایک مثال سام سنگ اسٹور پر خاص خوشبو کا استعمال بھی ہے۔ یہ خوشبو گاہکوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے اور ان کے دماغ کو سکون پہنچاتی ہے۔
یونیورسٹی کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ غذائی اروما کھانے کی طرف متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے لیے یونیورسٹی کے ماہرین نے کئی تجربات کیے جن میں اسٹرا بیری اور سیب جیسے مفید پھل اور پیزا یا مٹھائی جیسے غیر صحت بخش کھانوں کی خوشبوؤں کو استعمال کیا گیا ہے۔
جب رضا کاروں کو جنک فوڈ کی خوشبو 30 سیکنڈ تک سنگھائی گئی تو وہ فوراً اس کی جانب راغب ہوئے اور غذا کھانے لگے لیکن جیسے ہی رضا کاروں نے دو منٹ تک غیر صحت بخش غذاؤں کو سونگھا تو صحت کے لیے اچھے کھانوں کی جانب ان کی توجہ بڑھ گئی جن میں پھل، سبزیاں اور دیگر اجناس شامل ہیں۔
اس تجربے میں 900 بچوں کو بتائے بغیر لگاتار تین روز تک کھانے کے اروما استعمال کیے گئے۔ جب بچے قطار میں لگ کر کھانا لے رہے تھے تو ایک روز کھانے لیتے وقت کوئی خوشبو نہیں سنگھائی گئی۔ دوسرے دن پیزا اور تیسرے دن خاص نیبولائزر جیسے آلے سے سیب کی خوشبو سنگھائی گئی۔
پہلے روز جب سیب کی بو سنگھائی گئی تو 36.96 فیصد غیر صحت بخش کھانے فروخت ہوئے۔ دوسرے روز کوئی خوشبو نہیں دی گئی تو صحت کے لیے غیرمفید کھانے بِکنے کی شرح 36.54 تھی یعنی دو دنوں میں کوئی خاص فرق نہ تھا۔
لیکن تیسرے روز بچوں میں کھانا لیتے یا خریدتے وقت دو منٹ تک پیزا کی بو سونگھائی گئی تو بہت فرق دیکھا گیا اور یوں غیر صحت بخش کھانا خریدنے کی شرح 21.43 فیصد تھی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ صحت کے لیے ناقص غذا کی بو دو منٹ تک سونگھنے سے دماغ میں اسے کھانے کی اشتہا کم ہوجاتی ہے اور وہ آگے چل کر اسے کھانے سے بھی روکتی ہے۔
اس لیے ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر آپ فاسٹ فوڈ کھانے کی لت ختم نہیں ہورہی تو اس کی خوشبو سونگھ کر اسے کم کرنے پر توجہ دیں۔