جنوبی کوریا: اس سال ریلیز ہونے والا سام سنگ گیلکسی ایس 10 سام سنگ کی جانب سے پیش کیا جانے والا سب سے مہنگا فون ثابت ہوسکتا ہے۔ اسمارٹ فون کی دنیا سے وابستہ بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق اس فون کا ایڈوانسڈ ورژن 1800 ڈالر یا ڈھائی لاکھ روپےمیں دستیاب ہوگا اور اس کا کم قیمت ورژن گیلکسی ایس 10 لائٹ سوا لاکھ روپے میں مل سکے گا۔ تاہم یہ محض اب تک ایک قیاس ہے۔
اس کی وجوہ بتاتے ہوئے تجزیہ نگاروں نےکہا ہے کہ ایس ٹین میں 12 جی بی ریم اور ایک ٹیرابائٹ کی گنجائش رکھی گئی ہے جو سام سنگ اسمارٹ فون میں اس سے پہلے کبھی پیش نہیں کی گئی تھی۔ تاہم بعض تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ ایک ٹیرابائٹ کی بجائے سام سنگ کے نئے ماڈل میں 6 سے 8 جی بی ریم اور 512 گیگا بائٹ کی گنجائش ہوگی۔
یہاں ایک اور بات اہم ہے کہ سام سنگ اپنا پہلا فولڈنگ فون ’ گیلکسی ایف‘ اسی سال کے وسط میں لانچ کرے گا جو گیلکسی فون سے ہٹ کر ہوگا۔ تاہم اگلے ماہ (20 فروری تک) گیلکسی ایس 10 ریلیز ہونے کا قوی امکان ہے۔ دونوں اسمارٹ فون میں بیزل ختم کردیا گیا ہے اور اسکرین کے پیچھے فرنٹ کیمرہ رکھا جائے گا۔ بعض افواہوں کے مطابق گیلکسی ایس 10 میں دو فرنٹ کیمرے لگائے جارہے ہیں جو ایک ساتھ تصویر لے کر کسی سافٹ ویئر کے تحت اس میں تھری ڈی ایفیکٹ کا اضافہ کریں گے۔