156

کاربن ڈائی آکسائیڈ کو بجلی اور ہائیڈروجن ایندھن میں بدلنے والا انقلابی نظام

امریکی ماہرین نے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے اس سے بجلی بنانے والا نظام تیار کیا ہے۔ فوٹو: فائل

جارجیا: امریکی ماہرین نے زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ بننے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس جذب کرکے اسے بجلی اور ہائیڈروجن ایندھن میں بدلنے والا ایک مؤثر نظام تیار کیا ہے۔

ماہرین کا اصرار ہے کہ اس صدی کے اختتام تک زمین کے اوسط درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 درجے سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے لیے صرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنا ہی کافی نہیں بلکہ فضا میں موجود اضافی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو بھی جذب کرنا ضروری ہے۔

جارجیا ٹیک اور السن انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے مل کر ایک مائع بیٹری نما نظام بنایا ہے جو کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرکے اس سے بجلی بناتا ہے اور اس سے قابلِ استعمال ہائیڈروجن ایندھن بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔