قدرت نے ہمیں بے شمار غذائیت سے بھرپور پھلوں، سبزیوں اور دیگر نعمتوں سے نوازا ہے جن کا استعمال اگر ہم اپنی روزمرہ زندگی میں شروع کردیں تو یقیناً ہم بے شمار بیماریوں سے نہ صرف بچ سکتے ہیں بلکہ ایک صحت مند زندگی بھی گزار سکتے ہیں۔
کھیرے کا شمار بھی غذائیت سے بھر پور ایک سبزی میں ہوتا ہے اور عام طور پر اس کا استعمال کھانے کے ساتھ سلاد کے طور پر کیا جاتا ہے تاہم قدرت نے اس میں بھی ہمیں بے شمار غذائی اجزا سے نوازا ہے جو جسم کو مختلف اندرونی اور بیرونی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ آج ہم آپ کو کھیرا کھانے کے 6 اہم فوائد بتارہے ہیں۔
جسم میں پانی کی مقدار کو پورا کرنے کے لیے؛
کھیرے میں 95 فیصد پانی ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے جسم میں پانی کی مقدار کو کم نہیں ہونے دیتا اور اس کا روزمرہ استعمال ہمارے جسم میں نہ صرف پانی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ اس کے علاوہ جسم کے لیے دیگر ضروری وٹامن بھی فراہم کرتا ہے۔
ذیابیطس اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے؛
کھیرے کا رس لبلبے کو انسولین بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جو کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انتہائی اہم ہے اسی وجہ سے ذیابیطس کے مریضوں کو کھیرے کا استعمال ضرور کرنا چاہیے جب کہ تحقیق کے مطابق کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی کھیرا اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سرطان سے بچاؤ کے لیے؛
طبی ماہرین کے مطابق کھیرے میں موجود تین اقسام کے اجزا انتہائی اہم ہوتے ہیں اور تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان تینوں اجزا کی وجہ سے سرطان کی بہت سی اقسام کا خطرہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔
وزن میں کمی کے لیے؛
دبلا یا سلم نظر آنا ہر خواتین کا خواب ہے اور اس کے لیے خواتین طرح طرح کے جتن کرنے میں مصروف نظرآتی ہیں لیکن کھیرے میں اس مسئلے کا بھی حل موجود ہے لہذا ایسے تمام افراد جو وزن میں کمی چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ کھیرے کا استعمال کریں جب کہ کھیرے کا استعمال قبض کی بیماری سے چھٹکارے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
منہ کی بدبو اور جراثیم ختم کرتا ہے؛
اگر آپ کھیرے کا ایک گول ٹکڑا اپنے ہونٹوں یا منہ پر رکھ کر 30 سیکنڈ تک زبان سے مسلیں تو اس سے نہ صرف منہ میں موجود بہت سے اقسام کے جراثیم کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ یہ منہ سے آنے والی بدبو کو بھی ختم کردیتا ہے۔
جلد کی بیماریوں کےلیے؛
بہت سے افراد اپنی چہرے کے حوالے سے بہت حساس ہوتے ہیں اور خاص طور پر خواتین وہ تو اس کی نگہداشت میں کوئی کثر نہیں چھوڑتیں تو کھیرا کھائیں اس سے نہ صرف آپ کی جلد کی خوبصورتی برقرار رہے گی بلکہ یہ آنکھوں کی سوجن اوراس کے گرد بننے والے سیاہ حلقوں کو بھی ختم کرتا ہے اگر کھیرے کو آپ تھوڑی دیر اپنی آنکھوں پر رکھ لیں تو اس سے سوجن کے ساتھ آنکھوں پربننے والے سیاہ حلقے بھی ختم ہوجائیں گے۔