141

ہاضمے کی گڑبڑ سے بچاؤ کے گھریلو ٹوٹکے

پیٹ انسان کا وہ عضو ہے جو اکثر امراض کی زد میں رہتا ہے، اب چاہے وہ گیس ہو، قبض ہو یا بدہضمی کسی نہ کسی شکل میں سب کو ہی متاثر کرتے ہیں۔

مگر آپ کے ارگرد کچھ چیزیں یا نسخے موجود ہیں جو قدرتی طور پر پیٹ کے امراض سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

پودینے کی چائے

پودینے کی چائے فوری طور پر بدہضمی کے احساس کو ختم کرنے میں مدد دے سکتا ہے، پودینے کی چائے متعدد اقسام کے نظام ہاضمہ کے مسائل سے نجات کے لیے فائدہ مند ہے، بس پودینے کی چائے کا ٹی بیگ ایک کپ پانی میں بھگو کر 10 منٹ کے لیے ڈھانپ کر رکھیں اور پھر پی لیں۔

سیب کا سرکہ اور شہد

ایک چائے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ ایک گلاس گرم پانی میں ملائیں اور کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے پی لیں، یہ ٹوٹکا بدہضمی کا شکار ہونے سے ہمیشہ بچائے گا۔

بیکنگ سوڈا اور لیموں کا عرق

ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ایک گلاس پانی میں ملائیں اور پھر اس میں چند قطرے لیموں کے عرق کا اضافہ کرکے پی لیں، اگر معدے میں تیزابیت ہورہی ہوگی تو یہ ٹوٹکا مسئلہ حل کردے گا جبکہ گیس کی تکلیف ہی دور کرے گا۔

دار چینی

دار چینی کسی بھی شکل جیسے اسٹک، سفوف یا چائے کی شکل میں فائدہ مند ہے، یہ بدہضمی، سینے کی جلن اور قے و متلی کی شکایات دور کرتی ہے۔

گاجر اور پودینے کا 'جوس'

سننے میں شاید عجیب لگے مگر یہ مکسچر اُس وقت کارآمد ہوتا ہے جب آپ کا معدہ خراب ہو۔ گاجر غذائیت فراہم کرتی ہیں جبکہ پودینہ معدے کے مسائل کو حل کرتا ہے۔ بس چار کپ کٹی ہوئی گاجر، چار کپ پانی اور ایک چائے کے چمچ خشک پودینہ کو 15 منٹ تک درمیانی آنچ پر ابالیں اور پھر اس مکسچر کو چمچ سے ملاکر پی لیں۔

چاول کی چائے

ہیضے کی روک تھام کے لیے چاول کی 'چائے' استعمال کرکے دیکھیں۔ آدھا کپ چاولوں کو چھ کپ پانی میں پندرہ منٹ تک ابالیں، پھر چاول نکال کر پانی میں شہد یا چینی ملا کر پی لیں۔

سیب کا سرکہ

اگر آپ کو کھانا ہضم کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے یا گیس نے پریشان کر رکھا ہے تو ایک چائے کا چمچ سیب کا سرکہ اور ایک چائے کا چمچ شہد ایک کپ گرم پانی میں ملائیں اور پی لیں، آپ کی پریشانی میں کمی آجائے گی، یہ مکسچر سینے کی جلن سے مرتب ہونے والے اثرات کو بھی کم کرتا ہے۔

کشمش، آڑو، آلوبخارہ

اگر آپ قبض کا شکار ہیں تو پھلوں اور میوے پر مشتمل غذا یعنی چیری، کشمش، آڑو اور آلو بخارے وغیرہ کو آزما کر دیکھیں۔ یہ تمام فائبر سے بھرپور چیزیں ہیں جو آپ کے نظام ہاضمہ کو حرکت دے کر قبض کی تکلیف کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

دہی

اگر آپ کے پیٹ میں درد ہورہا ہے تو دہی کو استعمال کرکے دیکھیں، اس میں معدے کے لیے اچھے سمجھے جانے والے بیکٹریا کی موجودگی پیٹ کی تکلیف میں کمی لاکر جسمانی دفاعی نظام کو بڑھاتے ہیں، بس خیال رکھیں کہ چکنائی سے پاک دہی کو بغیر چینی کے استعمال کرنے سے ہی آپ کو فائدہ ہوتا ہے۔

سونف

سونف وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں، جو ان خراب بیکٹریا کو ختم کرتے ہیں جو کھانا ہضم نہ کرنے اور گیس وغیرہ کا باعث بنتے ہیں۔ کھانے کے بعد اس کی کچھ مقدار کا استعمال کریں یا گیس کی تکلیف ہونے کی صورت میں کھا کر دیکھیں۔

گرمائش

گرم پانی سے بھری ایک بوتل اپنے تکلیف کے شکار پیٹ پر رکھیں، گرمائش دوران جلد کی سطح پر دوران خون کو بڑھا دیتی ہے اور معدے کے اندر تکلیف کو ختم کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔