142

پاکستانی کمپنی کے چیٹ بوٹ ’عورت راج‘ نے بیفٹا ایوارڈ جیت لیا

کراچی: پاکستان میں قائم ایک سماجی کمپنی (entrepreneur) ’عورت راج‘ کی جانب سے تیارکردہ ایک خاص چیٹ بوٹ کو بیفٹا ایوارڈ سے نواز گیا ہے۔

واضح رہے کہ عورت راج کی بنیاد پاکستانی خاتون صبا خالد اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے ماہر ٹینو ہان نے رکھی ہے جسے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کہا جاسکتا ہے۔ خواتین کے تحفظ، حقوق، ناانصافی کے خاتمے اور تعلیم کے کئی پروگراموں کے علاوہ عورت راج نے ایک ورچول (مجازی) کردار تخلیق کیا ہے جسے ’راجی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

راجی چیٹ بوٹ ونڈو میں جنسی ، تولیدی صحت، مدد اور ناانصافی کے خاتمے کے متعلق سوالات کسی بھی وقت ٹائپ کرکے فوری مدد اور رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے تاہم یہ چیٹ بوٹ انگریزی میں ہے جبکہ پاکستانی خواتین کی اکثریت اردو میں ہی پڑھ اور لکھ سکتی ہے۔

عورت راج کو بیفٹا ایوارڈز کی تقریب میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) مستقبل کے استحکام کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔ راجی پر بنی چھوٹی اینی میشن فلم ’ دی الٹی میٹ سروائیور‘ کو گلوبل سسٹین ایبلٹی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ فلم ایوارڈ ایسے ادارے یا کمپنیوں کو دیا جاتا ہے جو پائیدار ترقی کے لیے حل پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر صبا خالد نے ایوارڈ کی تصویر بھی ٹویٹ کی ہے۔ واضح رہے کہ فلم ایوارڈ کے مقابلے کا اعلان اس سال 11 مئی کو کیا گیا تھا اور اس ضمن میں بیفٹا کی شاندار تقریب 26 نومبر کو لندن کے مشہور علاقے پکاڈلی میں منعقد کی گئی تھی۔