54

12سالہ بچے کی بازیابی کیلئے 2 ہفتوں کی مہلت

پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس ایوب خان پرمشتمل دورکنی بنچ نے کرک کے رہائشی12سالہ بچے کی بازیابی کے لئے کرک پولیس کو2ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے جامع رپورٹ مانگ لی ہے ۔

عدالت عالیہ کے فاضل بنچ نے خانزادہ ساکن کرک کی جانب علی گوہردرانی ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائررٹ کی سماعت کی اس موقع پر عدالت کوبتایاگیاکہ درخواست گذار کابیٹاذبیح اللہ مارچ2018ء میں کرک کے علاقہ بانڈہ داؤدشاہ سے لاپتہ ہوا اس حوالے سے تین مقامی افراد کے خلاف دعویداری بھی کی گئی تاہم تھانہ بانڈہ داؤدشاہ نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیااورصرف کیس کی انکوائری شروع کی ہے ۔

اتناعرصہ گذرنے کے باوجود تاحال کیس کی انکوائری مکمل ہوئی اورنہ ہی مقدمہ درج ہوسکاہے حالانکہ سیشن کورٹ میں 22اے کی درخواست بھی دائرکی گئی ہے جو خارج کردی گئی ہے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ملزموں کی پشت پناہی کررہی ہے عدالت نے اس حوالے سے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤدشاہ کو حکم دیاکہ وہ چھ دسمبر تک انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں ۔