3

پاکستان کے ورسٹائل اداکار مظہر علی انتقال کر گئے


پاکستان کے سینیئر ورسٹائل اداکار مظہر علی انتقال کر گئے وہ طویل عرصے سے دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا تھے۔

1980 اور 90 کی دہائی میں طویل عرصے تک ٹی وی ناظرین کو اپنی لاجواب اداکاری کے سحر میں جکڑے رہنے والے پاکستان ٹی وی کے مایہ ناز ورسٹائل اداکار مظہر علی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔

مظہر علی دل اور پیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ وہ فیملی سمیت کینیڈا میں مقیم تھے اور کچھ عرصہ قبل پاکستان آئے تھے۔

لیجنڈ اداکار کے ٹی وی ڈراموں میں کئی یادگار کردار ادا کیے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں عروسہ، افشاں، شاہین، خدا اور محبت، ہالہ، آسمان تک دیوار، بھروسہ، اب انتظار کر، کالی دیمک، کانچ کی گڑیا سمیت درجنوں ڈرامے شامل ہیں لیکن انہیں عروسہ اور افشاں میں خاص طور پر پسند کیا گیا۔

ڈراموں میں ہیرو کا کردار نبھانے والے مظہر علی کا عروسہ میں کردار قدرے منفی شبیہہ لیے ہوئے تھا اور انہوں نے اس کردار میں اتنی ڈوب کر اداکاری کی تھی کہ ناظرین بھی ان کی ورسٹائل اداکاری کے معترف ہوگئے تھے۔

مظہرعلی کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ مغرب طیبہ مسجد ناظم آباد نمبر تین میں ادا کی جائےگی۔ اداکار کے سوگواروں میں اہلیہ، بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔