2

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 3 فیصد کمی ریکارڈ

اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

او سی اے سی اور انڈسٹری کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 3.68 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے 3.81 ملین ٹن کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔

ستمبر 2024 میں ملک میں 1.27 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ جوگزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال ستمبر میں ملک میں 1.22 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 1.85 ملین ٹن پیٹرول، 1.42 ملین ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل اور 0.21 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ہوئی۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 1.85 ملین ٹن پیٹرول،1.44 ملین ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل اور 0.35 ملین ٹن فرنس آئل کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔