361

ہندو انتہا پسندوں کی دھمکی کے بعد شاہ رخ خان کی سیکیورٹی سخت

ممبئی: بھارتی انتہا پسند ہندو جماعت کی جانب سے سیاہی پھینکنے کی دھمکی کے بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ کے تاریخی خطے کلنگا میں 27 نومبر سے شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہونی ہے جس میں  شاہ رخ خان کو بطور مہمان شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اسی دوران کلنگا سینا نامی ہندو انتہا پسند تنظیم کی جانب سے اداکار کی اڑیسہ آمد پر ان کے چہرے پر سیاہی پھینکنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

ریاست اڑیسہ کی شدت پسند تنظیم کلنگا سینا نے شاہ رخ پر الزام عائد کیا ہے کہ 17 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’اشوکا‘ میں شاہ رخ خان نے اڑیسہ کی نہ صرف تاریخ کو مسخ کیا بلکہ ریاست کی ثقافت اور یہاں کے لوگوں کی جانب سے لڑی جانے والی کلنگا جنگ کی غلط منظر کشی بھی کی۔

انتہا پسند تنظیم کے سربراہ ہیمنت رت نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان ریاست کے لوگوں کے جذبات مجروح کرنے پر معافی مانگیں ورنہ اڑیسہ آمد پر اُن کے چہرے پر سیاہی پھینکی جائے گی۔

اداکار کو دھمکی ملنے کے بعد اڑیسہ کے کمشنر کا کہنا ہے کہ ہاکی ورلڈ کپ کے دوران شاہ رخ خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔