119

سرخ اورہرے رنگ کے پھل اورسبزیاں یادداشت کیلیے بہترین

میسا چیوسیٹس: ایک طویل سروے سے معلوم ہوا ہے کہ رنگ برنگے پھل اور سبزیاں کھانے کی عادت ایک جانب تو حافظے کو تادیرمضبوط رکھتی ہے تو دوسری جانب دماغی صحت بھی برقرار رہتی ہے۔

اس ضمن میں ماہرین نے مسلسل 20 سال تک ایک طویل سروے کیا جو کہ مردوں پر کیا گیا۔ اس کے حتمی نتیجے سے معلوم ہوا ہے کہ سرخ، جامنی، نارنجی، سبز پھل اور سبزیاں کھانے سے دماغ کو زبردست فائدہ ہوتا ہے اور یادداشت طویل عرصے تک بہتر رہتی ہے۔

بوسٹن میں واقع ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین نے اس کے لیے 27 ہزار 842 مردوں کا مسلسل 26 برس تک سروے کیا۔ 1986ء میں شروع ہونے والے سروے میں شامل مردوں کی اوسط عمر 51 سال تھی اور ہر چار سال بعد ان کے کھانے، پینے اور دیگر رجحانات کے بارے میں سوالات کیے گئے۔ یہ سلسلہ 2002ء تک جاری رہا۔ اس کے بعد 2012ء میں اس کا آخری فالو اپ کیا گیا اور مرد اب 70 سے 75 برس تک پہنچ چکے تھے۔

ان میں سے جن مردوں نے سبز پتوں، نارنجی، سرخ رنگ کے پھل اور سبزیاں، بیریاں اور نارنجی کا رس پیا تھا ان کی یادداشت بقیہ کے مقابلے میں بہت اچھی دیکھی گئی۔ سروے میں شامل ہزاروں مردوں کے سبجیکٹوو گوکنیٹوو فنکشن (ایس سی ایف) ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

سروے میں شامل افراد کا پہلا ٹیسٹ 2008ء اور دوسرا 2012ء میں کیا گیا۔ اس میں شارٹ ٹرم میموری مثلاً سودا سلف کی فہرست یا ٹی وی پروگرام میں ہونے والی گفتگو کے موضوعات یاد رکھنے یا بھولنے جیسے ٹیسٹ کیے گئے اور سوال نامے بھی بھروائے گئے۔

سروے سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے روزانہ کی بنیاد پر سبزیاں اور پھل کھانے کا معمول بنائے رکھا ان کا ایس سی ایف اسکور اچھا رہا۔ اس سے ثابت ہوا کہ باقاعدگی سے پھل اور سبزیاں کھانے سے یادداشت میں بہتری کا امکان 34 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ جن شرکا کو پھل اور سبزیوں سے رغبت نہ تھی ان کی یادداشت اور ایس سی ایف اسکور بھی بہتر نہیں دیکھا گیا۔