راولپنڈی۔ ماڈل ایان علی نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کیس کی سماعت ہوئی، کسٹم جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت ڈیوٹی جج بینکنگ عدالت نے کی، دوران سماعت ملزمہ ایان علی نے نئے وکیل کے توسط سے اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔
ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ایان علی کی بیماری کی درخواست اور میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش کرنے کے باوجود وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے، ایان علی کے نئے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملزمہ 8 دسمبر تک عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔
عدالت نے ملزمہ ایان علی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئیکسٹم ٹیم کو نوٹس جاری کردیا اور مقدمہ کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔دوسری جانب ایان علی کے نئے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایان علی کی صحت بہت بہتر ہوگئی ہے، وہ جلد پاکستان واپس آرہی ہیں۔