اسلام آباد: روسی ائیرپورٹ پرگرفتارگلوکاروفنکار فخرعالم کو مشن پروازمکمل کرنے کے لیے نیا ویزا جاری کردیا گیا ہے۔
دنیا بھرکا چکرلگانے کیلئے مشن پروازپرنکلے فخرعالم کونیا ویزا جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے ایک بارپھرمشن پرواز کا آغاز کردیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ گلوکارفنکارفخرعالم کے ساتھ ویزہ اجراء سے متعلق تعاون پرروسی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس متعلق فخرعالم کی جانب سے بھی ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے ویزا ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیا ویزہ حاصل کرلیا ہے اور اب وہ پیٹروپووسک ایئرپورٹ جانے کی تیاری کررہے ہیں۔ گلوکارنے اپنے ٹوئٹ میں حکومت پاکستان، روسی حکومت سمیت دوست احباب کا تعاون کے لیے شکریہ بھی ادا کیا اورکہا کہ پاکستانی پرچم کا سفر جاری رہے گا۔
گزشتہ روزمشن پرنکلے ہوئے معروف گلوکاروفنکارفخرعالم کو روسی حکام نے ویزہ ختم ہونے پرحراست میں لے لیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔
فخرعالم نے دنیا کے گرد چکر لگانے کے لیے امریکی ریاست فلوریڈا سے مشن پرواز کا 14 اکتوبر کو آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ تین سال قبل 2015 میں فخرعالم کو امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ کا لائسنس ملا تھا۔ ان کا بچپن سے خواب تھا کہ وہ خود جہاز اُڑا کر پوری دنیا کا چکرلگائیں۔ یہ سفر 28 دن پر مشتمل ہوگا جس میں 25 ممالک کے 31 شہر شامل ہیں۔