پشاور۔خیبر پختونخوا میں خسرہ مہم اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ کا کہنا ہے کہ ای پی آئی سٹاف کی انتھک محنت سے صوبے بھر میں 35 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ نو دن کے لئے مقررہ حدف 36 لاکھ تھا۔ لہٰذا مقررہ حدف کا 97 فیصد پورا کر دیا گیا ہے۔
ای پی آئی ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ خسرہ مہم کے لئے صوبے بھر میں 48 لاکھ بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کا ھدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ صحت کی ٹیمیں آئندہ تین دنوں میں باقی کا حدف بھی حاصل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ خسرہ مہم میں چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ تعلیم اور میڈیا کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو خسرہ جیسے موزی اور جان لیوا مرض سے بچانے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں کا ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔