81

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ 'مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات' کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دی تھی۔

 وزیراعظم 23 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقدہ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں 90 ممالک سے 3 ہزار 800 مندوب شرکت کر رہے ہیں۔