136

24 گھنٹے دباؤ نوٹ کرنے والا ای سی جی اسٹیکر

کیلیفورنیا: بلڈ پریشر کے  مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ فشار خون سے آگاہ رہیں جبکہ امراضِ قلب میں مبتلا افراد کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ انہیں قلبی کیفیت کا معلوم ہو تاکہ کسی بھی مشکل سے بچا جاسکے۔ اس ضمن میں وائٹل اسکاؤٹ نامی الیکٹرانک اسٹیکر تیار کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے قلبی کیفیت نوٹ کرتا رہتا ہے۔

واٹر پروف الیکٹرانک اسٹیکر دل کے عین اوپر جلد پر چپکایا جاتا ہے جو ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 72 گھنٹے تک مسلسل دلی کیفیت نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اس میں الیکٹرو کارڈیو گرافی (ای سی جی) سینسر نصب ہے جو دل کی دھڑکن اور دیگر کیفیات نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ سانس لینے کی رفتار اور نیند کو بھی نوٹ کرتا ہے۔

اگرچہ ہم تیز رفتار زندگی میں روزانہ ہی ذہنی الجھن اور دباؤ کے شکار ہوتے ہیں اسی لیے وائٹل اسکاؤٹ کا ننھا سا اسٹیکر کسی چبھن اور دباؤ کے بغیر ذہنی تناؤ کا مشاہدہ کرتا ہے اور وائٹل اسکاؤٹ پیچ کا خاص الگورتھم ذہنی دباؤ کو نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اس سے آپ کو دباؤ معلوم کرنے اور اسے دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مائیکرو الیکٹرانکس کی بدولت مکمل ای سی جی نظام کو ایک چھوٹے سے اسٹیکر میں سمودیا ہے۔ اس کا ڈیٹا بلیوٹوتھ کے ذریعے فون تک جاتا رہتا ہے جسے دیکھ کر معلوم کیا جاسکتا ہے کہ کس طرح ذہنی تناؤ آپ پر اثرانداز ہوتا ہے۔اگر آپ شدید ذہنی دباؤ میں آتے ہیں تو ایپ فوری طور پر اس سے خبردار بھی کرتی ہے۔

اس آلے کی قیمت 150 ڈالر ہے جس کے ساتھ آٹھ چپکنے والے اسٹیکر بھی آتے ہیں جبکہ اضافی اسٹیکر بھی خریدے جاسکتے ہیں۔