75

پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ‘ آرمی چیف

راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے باوجود ایک مضبوط پاکستان ابھر رہا ہے، قوم کی قربانیوں اور حمایت سے دہشت گردی کو شکست دی، اطالوی قیادت نے کہا کہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی پہنچ گئے جہاں پر آرمی چیف نے اطالوی وزیر دفاع، آرمی چیف اور سیکرٹری جنرل دفاع سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اطالوی قیادت نے کہا کہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان خوشحال مستقبل کی طرف کامیابی سے پیش قدمی کررہا ہے، موجودہ تعلقات کو دونوں ملک ایک دوسرے کیلئے مزید مفید بنائیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم کی قربانیوں اور حمایت سے دہشت گردی کو شکست دی، قوم کی حمایت اور قربانی سے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی حاصل کی، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے باوجود ایک مضبوط پاکستان ابھررہا ہے، پاکستانی حکومت ملک کے اندر اور باہر امن کی خواہاں ہے۔