85

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد۔ قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس(آج)بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا،اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتار ی کیخلاف شدید احتجاج کیا جائے گا، اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعدنیب شہباز شریف کو خصوصی طیارے کے ذریعے اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد لائے گی۔

حکومت نے بھی اپوزیشن کے احتجاج کا موثر جواب دینے کی تیاری کر لی،وزیر اعظم کی جانب سے وزراء اور پی ٹی آئی ارکان کو نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سپیکر اسد قیصر کی جانب سے طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس (آج)بدھ کو صبح گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتار ی کیخلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے قبل مسلم لیگ (ن) اور اسکی اتحادی جماعتوں کا اجلاس بھی پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر2میں ہوگا جس میں ایم ایم اے ، اے این پی کے ارکان قومی اسمبلی بھی شرکت کریں گے۔اپوزیشن کے اجلاس میں احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔دوسری جانب نیب کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے جاری کیا گیا پروڈکشن آرڈر موصول ہو چکا ہے۔

نیب شہبازشریف کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد لے کر آئے گا جہاں وہ قومی اسمبلی اجلاس میں بطور قائد حزب اختلاف شرکت کریں گے۔نیب حکام شہباز شریف کو قومی اسمبلی سیکیورٹی سٹاف کے حوالے کریگا جو قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد دوبارہ شہباز شریف کو نیب حکام کے حوالے کرے گا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنی اپنی حکمت عملی طے کرلی ہے۔

اپوزیشن گر م جبکہ حکومت نرم ر ویہ اختیار کرے گی۔حکومت نے بھی اپوزیشن کے احتجاج کا موثر جواب دینے کی تیاری کر لی،وزیر اعظم کی جانب سے وزراء اور پی ٹی آئی ارکان کو نرم رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔