38

ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

ملک میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ملک کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 11 اورصوبائی اسمبلی کے 24 حلقوں میں 370 امیدوار کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے لیے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔

پنجاب میں قومی اسمبلی کی 8، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ایک ایک نشست پر الیکشنز ہوئے جب کہ پنجاب اسمبلی کی 11، خیبر پختونخوا کی 9، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی بھی 2 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ ہوئی۔

92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز کو حق رائے دہی کی سہولت دینے کے لیے ساڑھے 7 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے۔ مختلف حلقوں کے1727 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا۔

قومی اسمبلی

قومی اسمبلی کی جن نشستوں پر آج پولنگ ہوئی ان میں این اے 35 بنوں، این اے 56 اٹک ، این اے 53 اسلام آباد، این اے 60 راولپنڈی، این اے 63 راولپنڈی، این اے 103 فیصل آباد، این اے 65 چکوال، این اے 69 گجرات، این اے 124، این اے 131 لاہور، این اے 243 کراچی شامل ہیں۔