کراچی: پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن نے پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر مکمل طور پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوی ایشن (پی ایف پی اے) کے سینئر نمائندے چوہدری اعجاز کامران کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی اسٹیک ہولڈرز اور فلم آرگنائزیشنز اپنی انڈسٹری کے لیے اقدام اٹھاسکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں، بالی ووڈ انڈسٹری نے ہمارے فنکاروں اور آرٹسٹوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے تو ہمیں کس چیز نے روکا ہواہے؟
پی ایف پی اے نے اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے پر صحیح اقدام اٹھائیں، ایسوسی ایشن کا ماننا ہے کہ ہماری مقامی فلم انڈسٹری کی بحالی اوربہتری کے لیے حکومت کو بھارتی فلموں پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔ اگر ایسا نہ کیاگیا تو مقامی سینما مالکان مسلسل ہماری فلموں پر بھارتی فلموں کو ترجیح دیتے رہیں گے جس سے پاکستانی فلموں کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہماری بات سنیں گے اور بھارتی فلموں پر پابندی نافذ کریں گے