101

اے این پی کا بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف ا حتجاج کا اعلان

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے مہنگائی، ٹیکسوں میں اضافے اور نئے ٹیکسوں کے نفاذ ، آئی ایم ایف سے قرضوں کے خلاف صوبہ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں 12 اکتوبر بروز جمعہ دوپہر 2 بجے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

بڑھتی ہوئی مہنگائی، ٹیکسوں میں اضافے، نئے ٹیکسیز کے نفاذ اور حکومت کا آئی ایم ایف سے قرضے لینے کے خلاف صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں، ٹرانسپورٹرز، دکاندار اور ہر طبقہ فکر کے لوگ اس احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں تاکہ نئے پاکستان کے حکمرانوں کو غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کے فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔

انہوں نے پارٹی کے تمام ضلعی صدور کو ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ اضلاع میں پرامن احتجاج کیلئے بھرپور تیاری کریں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں، انہوں نے پارٹی کی ذیلی تنظیموں کو بھی ہدایت کی کہ وہ پارٹی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔